اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ایران کے سینئر نائب صدر اسحاق جہانگیری نے اس ملاقات میں انتہا پسندی اور دہشت گردی سے مقابلے کے لئے شیعہ اور سنی مسلمانوں کے درمیان اتحاد کی ضرورت پر زور دیا سحر عالمی نیٹ ورک کے مطابق ایران کے نائب صدر اسحاق جہانگیری نے اپنے دورۂ عراق میں بدھ کے روز نجف اشرف میں عراق کے مرجع تقلید آیۃ اللہ العظمی سید علی سیستانی سے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، نیز علاقے اور عالم اسلام میں رونما ہونے والی تبدیلیوں کے بارے میں بات چیت کی ۔ جہانگیری نے اس ملاقات میں دہشت گرد گروہوں خاص طور پر داعش سے مقابلے کے لئے آیۃ اللہ سیستانی کے تاریخی کردار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران مختلف شعبوں منجملہ دہشت گردی سے مقابلے کے لئےعراق کے ساتھ تعاون کرنے کے لۓ تیار ہے۔ ایران کے نائب صدر نے تیل کی قیمت میں کمی کے مسئلے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور عراق کو چاہئے کہ تیل سے حاصل ہونے والی آمدنی میں کمی کی تلافی کے لئے اپنے باہمی تعاون کو زیادہ سے زیادہ فروغ دیں ۔ آيۃ اللہ سیستانی نے بھی اس ملاقات میں انحرافات اور انتہا پسندی سے مقابلے کے لئے شیعہ اور سنی مسلمانوں کے درمیان اتحاد و یکجہتی کی ضرورت پر زوردیا ۔ ایران کے نائب صدر اسحاق جہانگیری بدھ کو امیرالمومین حضرت علی علیہ السلام کے روضے کی زیارت اور حضرت آیۃ اللہ سیستانی سے ملاقات کے لئے کربلائے معلی سے نجف ا شرف پہنچے۔ ایرانی نائب صدر نے اسی طرح نجف اشرف میں ایک اور بزرک مرجع تقلید آیۃ اللہ سید محمد سعید حکیم سے بھی ملاقات کی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔











